حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تعزیتی پیغام کا مکمل متن اس طرح ہے؛
بسم اللہ الرحمن الرحیم
إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ
نہایت رنج و الم کے ساتھ یہ خبر موصول ہوئی کہ عالمِ ربانی، فقیہِ جلیل، مرجعِ عالیقدر، استادِ برجستۂ حوزۂ علمیہ قم اور خادمِ مکتبِ اہل بیتؑ، حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید موسیٰ شبیری زنجانیؒ اس دارِ فانی سے دارِ باقی کی طرف رحلت فرما گئے۔
آپ کا ارتحال عالمِ تشیع، حوزههای علمیہ، مراجع و علماء، طلاب و فضلاء اور تمام محبانِ اہل بیتؑ کے لیے ایک عظیم علمی و دینی خسارہ ہے۔ آپ نے اپنی طویل اور بابرکت حیاتِ علمی کو فقہ و اصول، حدیث و رجال، تعلیم و تربیت اور نشرِ معارفِ قرآن و عترتؑ کے لیے وقف رکھا۔ آپ کی علمی خدمات اور تربیت یافتہ شاگردوں کا سلسلہ حوزۂ علمیہ میں ایک دیرپا علمی میراث کی حیثیت رکھتا ہے۔
آپ کی شخصیت میں علم، تقویٰ، زہد، تواضع، دقتِ نظر اور سادگی کا حسین امتزاج نمایاں تھا۔ اہلِ علم کی جانب سے جاری ہونے والے تعزیتی پیغامات میں بھی آپ کی علمی و اخلاقی عظمت، پارسائی اور فقہی و رجالی خدمات کو نمایاں طور پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
مجتمع علماء و خطباء، ممبئی، اس عظیم سانحۂ ارتحال پر حضرت ولی عصر امام مہدیؑ کی بارگاہِ اقدس، رہبر معظم، مراجع عظام، حوزههای علمیہ، علمائے کرام، شاگردان و متعلقین اور بالخصوص پسماندگانِ محترم کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔
ہم بارگاہِ پروردگار میں دعاگو ہیں کہ حضرت آیت اللہ العظمیٰ شبیری زنجانیؒ کو جوارِ رحمتِ الٰہی اور محمد و آلِ محمدؑ کی شفاعت نصیب فرمائے، ان کی علمی و دینی خدمات کو صدقۂ جاریہ قرار دے، اور حوزۂ علمیہ و امتِ مسلمہ کو ان کا شایستہ علمی و روحانی تسلسل عطا فرمائے۔
اللهم اغفر له وارحمه وأسكنه فسيح جناتك مع محمد وآل محمد عليهم السلام۔
والسلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ
مجتمع علماء و خطباء، ممبئی










آپ کا تبصرہ